ماہ مبارک رمضان کے پہلے دن قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی موجودگی میں ضیافت نور و انس با قرآن کے عنوان کے تحت ایک روحانی محفل برپا کی گئی جس میں قرآن کے ممتاز قاریوں، حافظوں اور اساتذہ نے شرکت کی۔
محفل کل منگل دو ستمبر دو ہزار آٹھ کو حسینیہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ میں منعقد ہوئی۔
اس نورانی محفل میں جو تین گھنٹوں سے زیادہ وقت تک جاری رہی قرآن مجید کی گروہی تلاوت کا پروگرام بھی پیش کیا گیا۔
اس محفل قرآن میں قائد انقلاب اسلامی نے کلام خدا کی سماعت کے لئے جلسوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ ہمارے عوام کے درمیان جو پہلے سے ہی قرآن مجید سے خاص انس رکھتے ہیں قرآن کے جلسے منعقد ہونے چاہئیں جن میں تلاوت کلام پاک ہو اور آیات قرآنی کے معانی پر غور کیا جائے۔
قائد انقلاب اسلامی نے نوجوانوں سے آیات قرآنی کے اعلی مفاہیم پر غور و خوض کرنے کی سفارش کی اور فرمایا کہ تعلیم و تربیت کے شعبے کی سطح پر بھی بچپن سے ہی بچوں کو تلاوت کلام پاک کی تعلیم دی جائے کیونکہ آیات قرآن صراط مستقیم کی نشاندہی کرتی ہیں۔