ہفتہ قدرتی وسائل کے دوران اور یوم شجرکاری کے موقعے پر قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کی دوپہر ایک پودا لگایا۔
قائد انقلاب اسلامی نے اس موقعے پر مختصر گفتگو میں ملک میں شجرکاری اور ہریالی کو فروغ دینے کے شعبے میں سرگرم عمل تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور فرمایا کہ حکام اور عوام سے میری گزارش ہے کہ شجرکاری اور ہریالی کے مسئلے پر خاص توجہ دیں اور عوام کی زندگی اور وطن عزیز کو پروردگار عالم کی اس عظیم نعمت سے محروم نہ ہونے دیں۔
قائد انقلاب اسلامی نے ماحولیات کے مسئلے کو بہت اہم قرار دیا اور ماحولیات کی آلودگی کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ اس مشکل کے ازالے کے لئے حکومتی ادارے وسیع پیمانے پر مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کریں۔
قائد انقلاب اسلامی نے ماحولیات اور ہریالی کی حفاظت پر عمومی توجہ کی ضرورت پر زور دیا اور فرمایا کہ 'ہر ایرانی ایک درخت' کا نعرہ بہت اچھا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سرسبز و شاداب علاقوں میں ہونے والی دخل انداز اور ان قیمتی ذخائر کو لوہے اور سیمنٹ (عمارتوں) میں تبدیل کرنے اور ان کے غلط استعمال پر روک لگائی جائے۔