ایران مین منائے جانے والے ہفتہ قدرتی وسائل کے موقع پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے منگل کو دوپہر کے وقت ایک پودا لگایا۔ اس کے بعد رہبر انقلاب اسلامی نے مختصر گفتگو میں درختوں اور سبزے کی قدرشناسی کی ضرورت پر زور دیا جو انسانی زندگی میں بڑی برکتوں کا سرچشمہ ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ تمام عوام اور حکام کو چاہئے کہ ہریالی اور خاص طور پر جنگلات اور چراگاہوں کی حفاطت کو اپنا فریضہ مانتے ہوئے اس سمت میں اقدامات کریں۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے جنگلات سے کئے جانے والے تعرض کے نتیجے میں بعض مقامی نباتات کو پہنچنے والے شدید نقصان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگلات اور باغات سے تعرض خلاف مصلحت ہے اور اس سے اس بات کا خطرہ پیدا ہوتا ہے کہ ان میں بعض مقامی نباتات ختم ہو جائیں۔ بنابریں سب کی ذمہ داری ہے کہ ہریالی کی حفاظت و نگہداشت کریں۔