رہبر انقلاب اسلامی نے عام اور انقلابی عدالتوں اور مسلح افواج کے عدالتی ادارے سے اور اسی طرح محکمہ جاتی کارروائی کے تحت سزا پانے والے دو ہزار دو سو بہتر افراد کو معافی دینے یا ان کی سزائیں کم کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔

عدلیہ کے سربراہ حجۃ الاسلام و المسلمین محسنی اژہ ای نے رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی خامنہ ای کو ایک خط لکھ کر ان قیدیوں کی سزا معاف کرنے یا ان کی سزاؤں میں کمی یا تبدیلی کی تجویز پیش کی تھی، جس سے انھوں نے اتفاق کیا ہے۔

معافی کے مخصوص کمیشن میں سزا پانے والے مذکورہ افراد کی فائلوں کا جائزہ لیا گيا تھا اور انھیں معافی یا سزا میں کمی کا مستحق پایا گیا۔ آيۃ اللہ العظمی خامنہ ای نے عدلیہ کے سربراہ کی اس تجویز سے آئین کی دفعہ ایک سو دس کی گيارہویں شق کے تحت اتفاق کیا ہے۔