انھوں نے کہا کہ بعض مواقع پر اسلامی ممالک کے حکام کا موقف اور ان کے بیانات غلط ہوتے ہیں کیونکہ وہ غزہ میں جنگ بندی جیسے موضوع کے بارے میں بات کرتے ہیں جو ان کے اختیار میں ہی نہیں ہے بلکہ خبیث صیہونی دشمن کے ہاتھ میں ہے، اسلامی ملکوں کے حکام کو ان چیزوں کے بارے میں اقدام کرنا چاہیے جو ان کے اختیار میں ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے زور دے کر کہا کہ جو چیز اسلامی ممالک کے حکام کے ہاتھ میں ہے وہ صیہونی حکومت کی حیاتی شریانوں کو کاٹ دینا ہے، اسلامی ممالک، صیہونی حکومت کے ساتھ اپنے سیاسی اور معاشی تعلقات منقطع کر لیں اور اس حکومت کی مدد نہ کریں۔
انھوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکام کی نامناسب کارکردگی اور تمام تر سختیوں کے باوجود، جیسا کہ قرآن مجید میں آيا ہے، خداوند عالم مومنوں کے ساتھ ہے اور جہاں بھی خدا ہوگا، وہاں فتح ہوگی۔
آيت اللہ العظمیٰ خامنہ ای نے کہا کہ غزہ کے لوگوں کی فتح یقینی ہے اور خداوند عالم یہ فتح مستقبل میں، جو زیادہ دور نہیں ہے، امت مسلمہ کو دکھائے گا اور مسلمانوں کے دل، جن میں سب سے اوپر فلسطین اور غزہ کے لوگ ہیں، مسرور اور خوش ہو جائیں گے۔