"زیادہ تر لوگ غلطی سے (تہران کے قبرستان) بہشت زہرا میں امام خمینی کی تقریر کو پندرہ سال کی جلاوطنی سے وطن واپسی کے بعد ان کی پہلی تقریر سمجھتے ہیں لیکن رہبر کبیر انقلاب نے پہلی تقریر مہرآباد ائيرپورٹ پر ان کا استقبال کرنے آئے لوگوں کے درمیان کی تھی۔ شروع میں ایک نوجوان قاری نے قرآن مجید کی کچھ آیتوں کی تلاوت کی، پھر ایک گروپ نے "خمینی اے امام" نامی جاوداں ترانہ پڑھا اور اس کے بعد امام خمینی نے ایک مختصر سا خطاب کیا اور کہا جا سکتا کہ اس مختصر تقریر کا سب سے اہم نکتہ اتحاد کی اہمیت اور تفرقہ پھیلانے کی سازش کی طرف سے انتباہ ہے۔ انھوں نے اس تقریر میں دو بار واضح الفاظ میں "وحدت کلمہ" یا اتحاد کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کا سبب بتایا اور کہا کہ ہمیں قوم کے سبھی طبقوں کا شکریہ ادا کرنا چاہیے کہ یہاں تک یہ کامیابی اتحاد کے ذریعے ہی رہی ہے۔ تمام مسلمانوں کا اتحاد، مسلمانوں سے تمام مذہبی اقلیتوں کا اتحاد، دینی مدارس سے یونیورسٹیوں کا اتحاد، سیاسی دھڑوں سے علمائے دین کا اتحاد۔ ہم سبھی کو یہ بات سمجھ جانا چاہیے کہ اتحاد، کامیابی کا راز ہے اور ہمیں کامیابی کے اس راز کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے اور خدانخواستہ شیطان، آپ کی صفوں میں تقرفہ نہ ڈال دیں۔