بسم اللہ الرحمن الرحیم
مسلم اقوام!
علاقے کے غیور جوانو!
مجاہد ہیرو، کمانڈر یحیی سنوار اپنے شہید ساتھیوں سے جا ملے۔ وہ مزاحمت و جہاد کا درخشاں چہرہ تھے جو فولادی عزم کے ساتھ ظالم و جارح دشمن کے مد مقابل ڈٹے رہے، مدبرانہ کوششوں اور شجاعت سے اس کے منہ پر طمانچہ مارا، اس علاقے کی تاریخ میں 7 اکتوبر جیسی ضرب اپنی یادگار کے طور پر چھوڑی، جس کی بھرپائی ناممکن ہے اور اس کے بعد عزت و سربلندی کے ساتھ شہدا کی معراج کے لئے پرواز کر گئے۔ ان کے جیسا انسان جس نے اپنی پوری عمر غاصب و ظالم دشمن کے خلاف پیکار میں بسر کی، اس کے لئے شہادت کے علاوہ کوئی انجام سزاوار نہیں ہے۔ ان کا فقدان مزاحمتی محاذ کے لئے یقینا دردناک ہے لیکن شیخ احمد یاسین، فتحی شقاقی، رنتیسی اور اسماعیل ہنیہ جیسی ممتاز ہستیوں کی شہادت کے بعد بھی اس محاذ کی پیش قدمی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئی تو سنوار کی شہادت سے بھی ان شاء اللہ ذرہ برابر وقفہ پیدا نہیں ہوگا۔ حماس زندہ ہے اور زندہ رہے گی۔
ہم توفیق و نصرت خداوندی سے ہمیشہ کی طرح مخلص مجاہدوں اور جانبازوں کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہیں گے۔
میں اپنے بھائی یحیی سنوار کی شہادت پر ان کے خاندان، ساتھی مجاہدین اور جہاد فی سبیل اللہ سے قلبی لگاؤ رکھنے والے تمام افراد کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور ان کے فقدان کی تعزیت دیتا ہوں۔
و السلام علی عباد اللہ الصالحین
سید علی خامنہ ای
19/10/2024