بسم اللہ الرّحمن الرّحیم
اپنے ملک کی عزیز و عظیم قوم کو سلام پیش کرتا ہوں۔
عزیز کمانڈروں اور سائنسدانوں کی شہادت جو یقیناً سب کے لیے ایک بھاری صدمہ ہے، نیز کچھ غیرمسلح شہریوں کی شہادت پر میں ایرانی قوم اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد اور تعزیت پیش کرتا ہوں۔ امید کرتا ہوں اللہ ان کے درجات کو بلند کرے گا اور ان کی روحوں کو اپنے لطف خاص میں جگہ عنایت فرمائے گا ان شاء اللہ۔
جو بات میں اپنی عزیز قوم سے کہنا چاہتا تھا یہ ہے کہ صیہونی حکومت نے بڑی غلطی کر دی، بھاری بھول کا ارتکاب کیا، حماقت کر دی، جس کے عواقب توفیق الہی سے اسے تباہ کر دیں گے۔ ایرانی قوم اپنے عظیم شہیدوں کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی، اور اپنے ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کو ہرگز نظرانداز نہیں کرے گی۔ ہماری مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور ملک کے ذمہ داران اور تمام عوام مسلح افواج کی پشت پر کھڑے ہیں۔ آج ملک کے مختلف سیاسی دھڑوں اور مختلف انجمنوں کی طرف سے ایک جیسے ہی بیان جاری ہوئے۔ سبھی اس بات کو محسوس کر رہے ہیں کہ ہمیں اس خبیث، ذلیل اور دہشت گرد صیہونی شناخت کو طاقت سے جواب دینا ہوگا، اور ان شاء اللہ ہم طاقت سے ہی جواب دیں گے۔ ہم ان کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتیں گے۔ صیہونیوں کی زندگی یقیناً تلخ ہو کر رہ جائے گی۔ وہ یہ نہ سمجھیں کہ وہ حملہ کر کے بچ نکلیں گے۔ نہیں! انہوں نے خود جنگ چھیڑی ہے۔ ہم صیہونیوں کو اس بڑے جرم کے بعد جس کا انہوں نے اتکاب کیا، بچ کر نہیں جانے دیں گے۔ یقیناً اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اس خبیث صیہونی دشمن پر کاری ضرب لگائیں گی۔ قوم ہماری پشتپناہی کے لئے کھڑی ہے، مسلح افواج کی پشت پناہی کر رہی ہے، اور ان شاء اللہ اسلامی جمہوریہ، صیہونی حکومت پر غالب آئے گی۔
عزیز قوم! یہ بات جان لے اور پورا اطمینان رکھے کہ اس معاملے میں کوئی کوتاہی نہیں ہوگی۔
والسلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ۔