حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے تہران میں بیرون ملک تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلروں سمیت عوام کے مختلف طبقے کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوۓ قائم آل محمد حضرت امام مھدی (عج) کے یوم ولادت کی مبارکباد دی اور فرمایا کہ یہ امید بخش بشارت اس حقیقت پر استوار ہے کہ حق وباطل کی تاریخی جنگ کاانجام امام مھدی علیہ السلام کے ظھورکے ساتھ ہی پیروان حق کی فتح کی شکل میں نکلے گا اور انسان کی مطلوبہ زندگی کا آغاز ہوجاۓ گا۔رہبرانقلاب اسلامی نے شیعہ عقائد میں امام مھدی علیہ السلام کے ظھور کے انتظار کے بارے میں فرمایا کہ یہ صرف ایک آرزو اور ذہنی مسئلہ نہيں بلکہ ایک حقیقت ہے اور اس پر نہایت مضبوط دلائل موجود ہیں جسے بہت سے اہلسنت بھی قبول کرتے ہیں اور شیعہ مسلمانوں کے اس عقیدے کی تصدیق کرتے ہیں۔ رہبر انقلاب اسلامی نے غذائ قلت کا شکار دو ارب انسانوں اور قوموں پر بے پناہ دباؤ کو دنیا میں بڑۓ پیمانے پر پھیلی ہوئی نا انصافی کا ثبوت قراردیا اور فرمایا کہ دنیا کی موجودہ صورت حال میں ملت ایران جیسی قوم بھی جس نے عدل وانصاف کا پرچم بلند کیا ہے طاقتوں کی یلغار اور ظلم کا نشانہ بنی ہوئي ہےاور اس سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا ظلم وجور سے پر اور عدل وانصاف کی نسیم روح پرور کی تشنہ ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی نے شیعہ مسلمانوں کے عقائد کو سب سےزیادہ صاف وشفاف ، سب سے زیادہ منطقی ، اور سب سے زیادہ مضبوط قراردیا اور عظیم ملت ایران کے اہلبیت اطہار علیھم السلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کو قوموں کی آگاہی اور ان کے تشیع کی حقانیت سے آشنا ہونے کا موجب قرار دیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ان عقائد میں عقل وفکراور منطق پوری طرح واضح ہے اور اگر یہ عقائد صحیح طریقے سے منتقل کۓ جائيں تو دنیا کے عقلا و دانشور اس کی تائید وتصدیق کریں گے۔