آپ حضرات کہ جن میں بہت سے لوگ منبر سے اور بہت سے لوگ پائین منبر فرش پر بیٹھ کر لوگوں کی ہدایت و رہنمائی کریں گے ان دو مہینوں (محرم و صفر) میں اپنی ہدایت و تبلیغ کو قوی کیجئے، اسلامی مسائل و احکام بیان کیجئے، لوگوں کو سیاسی مسائل سے آگاہ بنائیے۔ کربلا کا مسئلہ خود سیاسی مسائل میں سر فہرست ہے، اس کو جاری و ساری رہنا چاہئے۔ کربلا کےاس سیاسی پہلو کو لوگوں کے درمیان بیان کریں۔ سید الشہدا علیہ السلام کے تمام اقدامات، سیاسی اقدامات تھے، اسلامی و سیاسی اور یہ ایک اسلامی سیاسی اقدام تھا کہ جس نے بنی امیہ کا خاتمہ کردیا اور اگر یہ اقدام نہ ہوتا تو اسلام پامال کیا جاچکا تھا۔ جس دن لوگ یہ سمجھنے لگیں، انھیں اس کا ذرا سا بھی اندیشہ ہو کہ اسلام خطرے میں ہے تو اس دن وہی کام جو امام حسین علیہ السلام نے کیا ہے، لوگوں کو بھی کرنا چاہئے۔ جس دن ہمیں یہ خدشہ ہوا کہ اسلام خطرے میں ہے، تو اس دن ہم سب کا فریضہ ہے کہ خود کو اسلام کے لئے قربان کردیں۔
امام خمینی
4 دسمبر 1983