پروگرام کا آغاز اسلامی جمہوریہ ایران کے قومی ترانے سے کیا گيا اور قائد انقلاب اسلامی نے شہیدوں کے میموریل کے سامنے جاکر ایرانی جانبازوں کی بلندی درجات کی دعا کی۔
تمام مسلح فورسز کے سربراہ نے اس کے بعد سپاہ پاسداران انقلاب، فوج، رضاکار فورس (بسیج) اور پولس کے دستوں کا معاينہ کیا اور اسی طرح دفاع مقدس کے ان مجاہدین سے خصوصیت سے ملاقات کی جنہوں نے ملک کے دفاع میں اپنے جسمانی اعضا کا نذرانہ پیش کیا ہے۔
ملک کی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر نے ایرانی قوم کی بے پناہ صلاحیتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اس قوم، امام خمینی (رہ)، بلند مقام پر فائز شہدا اور اسلامی انقلاب کی امنگوں کا حق یہ ہے کہ مسلح فورسز اپنی سعی وکوشش اور اقدار سے اپنی وابستگی میں روز بروز اضافہ کریں۔
آپ نے خدا پرستی اور عشق پروردگار سے وجود میں آنے والے آزادی کےپرچم کو ایرانی قوم کی جانب سے مسلم امہ کے لئے گراں بہا تحفہ قرار دیا اور فرمایا کہ پائداری و ایثار کے بغیر تاریخی پیغام کا پہنچانا ممکن نہیں ہے اور ایرانی قوم نے ایمان محکم، جوانوں کی سعی پیہم اور عزم راسخ کے ذریعے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔
قائد انقلاب اسلامی نے ایرانی قوم کی خود اعتمادی اور روحانی طاقت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ کوئي بھی شخص اس قوم اور اس کے ذریعے منتخب انتظامیہ میں جنگ پسندی کا شائبہ بھی نہیں دیکھ سکتا لیکن یہ امن پسند قوم جارح طاقت کو، وہ خواہ کتنی ہی بڑی نفری قوت اور اہم پوزیشن کی مالک ہو، اس طرح گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیتی ہے کہ پھر جارح طاقت میں جنبش کی جرئت باقی نہیں رہتی۔
قائد انقلاب اسلامی نے مسلح فورسز کے نظم و ضبط، بھرپور ہم آہنگی اور پیش رفت پر خوشی کا اظہارکیا اور فرمایا کہ ایرانی قوم اور مسلح فورسز بیداری و ہوشیاری کی حفاظت کرتی رہیں گی۔
اس تقریب میں سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل محمد علی جعفری نے ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب، فوج، بسیج اور پولس پر مبنی مسلح فورسز پوری ہوشیاری کے ساتھ خطے کی تمام نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں، اور انقلابی رہنمائی اور پیش رفتہ وسائل کے ساتھ اسلام و انقلاب و ایران کے دفاع میں جاں نثاری کے لئے آمادہ ہیں۔
تقریب کے آخر میں مسلح فورسز نے قائد انقلاب اسلامی کے سامنے پریڈ کی۔