قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کا خطاب حسب ذیل ہے؛

بسم اللہ الرحمن الرحیم

آپ بچوں کے جش عبادت کی آپ کو آپ کے والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آپ کے اس بہت شیریں اور اچھے جشن عبادت میں شریک ہوکے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
عزیز بچو! آج آپ کا جشن عبادت منعقد ہوا، درحقیقت خدا وند عالم آج سے اپنی تمام تر عظمت و جلالت کے ساتھ آپ سے ہم کلام ہوگا، آپ سے گفتگو کرے گا اور آپ کو آپ کے فرائض سے سرافراز کرے گا۔ آج آپ عزیز بچیاں، بچپن سے نکل کے بڑوں میں شامل ہو گئی ہیں۔ نماز آپ پر واجب ہوگئی ہے، نماز پڑھیں، عبادت کریں اور اپنے خدا سے گفتگو کریں۔ عمر کے اس شیریں دور کی قدر کریں۔ ان شاء اللہ اپنی نماز پوری طرح یاد کریں۔ ایسا نہ ہو کہ ہماری وہ عزیز بچیاں جن پر آج سے نماز واجب ہوگئی ہے، نماز نہ جانتی ہوں۔ البتہ میں جانتا ہوں کہ آپ کو نماز آتی ہے۔ لیکن نماز کی تفصیلات بھی یاد کریں۔ آپ سب نماز میں جو عبارتیں پڑھتی ہیں اور ذکر کرتی ہیں، جو آداب بجا لاتی ہیں، وہ سب اور اسی طرح وضو، طہارت، اور نماز کے لئے جو کام ضروری ہیں انہیں بھی سیکھیں۔
آج سے جب آپ نماز پڑھیں گی تو اپنے خدا سے گفتگو کریں گي۔ خدا وند عالم آپ کی گفتگو سنے گا۔ آپ کی بات سنے گا اور آپ کو دعا ان شاء اللہ مستجاب ہوگی۔ اپنے والدین کے لئے، اپنے اساتذہ کے لئے، اپنے سپاہیوں کے لئے، اس مملکت کے نوجوانوں کے لئے دعا کیجئے اور خدا سے اپنے ملک کے لئے آزادی ، ترقی اور تمام اچھائیوں سے مالامال ہونے کی دعا کریں۔ ان شاء اللہ آپ کے پاکیزہ دل اور آپ کی پاکیزہ روحیں، آپ کی دعاؤں کے مستجاب ہونے کا سبب بنیں گي۔
میں آج آپ کے اس جشن میں شریک ہوکے بہت خوش ہوا ہوں۔ لڑکیوں کے اسکولوں کے سرپرستوں اور ٹیچر خواتین کا بھی شکر گزار ہوں کہ زحمت کی، ان بچیوں کی تربیت کی اور آج کے لئے انہیں تیار کیا۔ خاص طور ان پھول جیسی بچیوں نے جو ترانہ سنایا اور مضمون پڑھا، بہت اچھا تھا۔ ان شاء اللہ آپ سب کامیاب و کامران ہوں۔

والسلام علیکم ورحمت اللہ وبرکاتہ