یہ اقتباسات جو اسلامی انقلاب ثقافتی و تحقیقاتی ادارے کی طرف سے ایک خوبصورت ٹیبلٹ کی شکل میں تیار کئے گئے اور ان کا اطالوی ترجمہ اس پر رقم تھا ویٹیکن میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے ایک ملاقات میں پوپ فرینسس کو پیش کیا جسے انہوں نے گرمجوشی سے قبول کیا اور شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹیبلٹ بڑے اہم اور نمایاں نکات کا حامل ہے جو دین عیسائیت کے پیروکاروں کے لئے موثر واقع ہو سکتا ہے۔

پوپ نے علاقے اور خاص طور پر فلسطین کے حالات اور صیہونی حکومت کی  جارحیتوں پر فکرمندی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں فلسطین میں اپنے نمائندے کے توسط سے روزانہ وہاں کے واقعات و حالات معلوم کرتا ہوں۔ 

س ملاقات کے اختتام پر پوپ فرینسس نے ویٹیکن میں ایران کے سفیر سے درخواست کی کہ ان کا پرتپاک سلام، رہبر انقلاب اسلامی تک پہنچا دیں۔

ٹیبلٹ کا متن جس کا اطالوی ترجمہ ٹیبلٹ پر رقم کیا  گيا حسب ذیل ہے؛ 

اگر حضرت مسیح ہمارے درمیان ہوتے۔۔۔۔

حضرت عیسی مسیح علیہ السلام کی قدر و منزلت مسلمانوں کے نزدیک عیسائیت پر ایمان رکھنے والے عیسائیوں کی نظر میں ان کی قدر و منزلت سے کم نہیں ہے۔ اللہ کے اس عظیم پیغمبر نے لوگوں کے بیچ اپنی موجودگی کا پورا دور جدوجہد میں بسر کیا کہ ظلم و ستم، بد عنوانی اور ان لوگوں کے خلاف بر سر پیکار رہے جو پیسے اور طاقت کے ذریعے قوموں کو اپنے چنگل میں جکڑے ہوئے تھے اور انہیں دنیا و آخرت کے جہنم میں دھکیل رہے تھے۔ 

اس عظیم پیغمبر نے بچپن سے، چونکہ اللہ نے بچپن میں ہی نبوت عطا کر دی تھی، جو رنج الم برداشت کئے سب اسی راہ پر چلنے کے باعث تھے۔ 

امید یہ ہے کہ حضرت مسیح کے ماننے والے اور وہ سارے لوگ جو اس عظیم ہستی کو رفعتوں اور روحانیت کا مالک مانتے ہیں اور ان کی عظیم منزلت کے تقاضے کے مطابق ان پر ایمان رکھتے ہیں، ان کے نقش قدم پر چلیں۔

اگر حضرت مسیح آج ہمارے درمیان ہوتے تو ظلم و عالمی استکبار کے سرغناؤں کے خلاف پیکار ایک لمحے کے لئے بھی نہ روکتے۔ آج اس عظیم پیغمبر پر ایمان رکھنے والوں یعنی عیسائیوں اور مسلمانوں کو چاہئے کہ شائستہ عالمی نظام قائم کرنے کے لئے پیغمبروں کی تعلیمات اور روش کو اپنائیں اور انسانیت کے ان معلمین کی تعلیمات کے مطابق انسانی اوصاف کی ترویج کریں۔ حضرت عیسی علیہ السلام کی پیروی کا تقاضہ حق کی حمایت اور حق کی دشمن طاقتوں سے بیزاری ہے۔ امید ہے کہ دنیا میں ہر جگہ عیسائی اور مسلمان حضرت عیسی علیہ السلام کے اس اہم سبق کو اپنی زندگی اور اپنے عمل میں اتاریں گے۔

یاد رہے کہ یہ ٹیبلٹ ویٹیکن کے تاریخی میوزم میں رکھی جائے گی۔