اسلامی جمہوریہ ایران میں پارلیمنٹ کے ساتویں دور کے لئے ہونے والے انتخابات میں عوام نے مغربی ذرائع ابلاغ کے زہریلے پروپیگنڈوں اور تشہیراتی مہم کو ایک بار پھر ناکام بناتےہوئے بھرپور شرکت کی۔ انتخابات میں اصول پسند کہے جانے والے حلقے کو اکثریت حاصل ہوئی اور ڈاکٹر حداد عادل کو پارلیمنٹ کا اسپیکر چنا گیا۔ نو تشکیل شدہ پارلیمنٹ کے سربراہ اور اراکین نے 27/3/1383 ہجری شمسی مطابق 16/6/2004 عیسوی کو قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ اس موقع پر قائد انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں پارلیمنٹ، اس کی رکنیت اور اس ادارے اور ادارے کے اراکین کے فرائض کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بڑی بصیرت افروز نصیحت فرمائی۔