قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے آٹھ اردیبہشت تیرہ سو بہتر ہجری شمسی مطابق ستائیس اپریل انیس سو ترانوے عیسوی کو حج کمیٹی کے عہدہ داروں اور کارکنوں سے ملاقات میں فلسفہ حج پر روشنی ڈالی اور اتحاد بین المسلمین نیز دیگر امور کے تعلق سے حج کی اہمیت اور افادیت کو بیان کیا۔ آپ نے حالات حاضرہ پر تصبرہ کرتے ہوئے فلسطین کے سلسلے میں جاری مغربی ممالک کی سازشوں اور کچھ عرب حکومتوں کی مغرب سے ساز باز پر تنقید کی۔ آپ نے امریکا میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کی جانب اشارہ کیا اور بوسنیا ہرزےگوویان کے سلسلے میں مغربی ممالک کے عیارانہ روئے کا پردہ فاش کیا۔