صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور کابینہ کے اراکین نے بدھ 28 جولائی 2021 کی صبح حسینیۂ امام خمینی پہنچ کر رہبر انقلاب اسلامی آيۃ اللہ العظمی سید خامنہ ای سے ملاقات کی۔ صدر مملکت اور ان کے کابینی ارکان کی حیثیت سے یہ ان عہدیداروں کی رہبر انقلاب سے آخری ملاقات تھی۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں عید غدیر کی مناسبت سے بڑے اہم نکات بیان فرمائے اور حالیہ جوہری مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کاغذ پر یا اپنے زبانی وعدوں میں تو ضرور کہتے ہیں کہ ہاں ہم پابندیاں اٹھا لیں گے لیکن انھوں نے عملی طور پر پابندیاں ختم نہیں کیں اور آگے بھی نہیں کریں گے۔ آپ نے فرمایا کہ اس حکومت میں یہ بات پوری طرح سے ثابت ہو گئي کہ مغرب پر بھروسہ کرنے کا کوئي فائدہ نہیں ہے (1)۔