قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی خامنہ ای نے سپاہ پاسداران انقلاب کے زمینی شعبے کے کمانڈ ہیڈ کوارٹر کے معائنے کے موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈروں اعلی عہدہ داروں اور جوانوں سے خطاب کیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے سپاہ پاسداران کو قوم کا حفاظتی قلعہ ہونے کے ساتھ ہی عالم انسانیت کی حفاظت کے اہداف کی حامل فورس قرار دیا۔ قائد انقلاب اسلامی نے سپاہ پاسداران انقلاب فورس کو دین اسلام کی خدمت گزار فورس قرار دیا اور ساتھ ہی اس ادارے کی انقلابی ماہیت کے باقی رہنے پر تاکید فرمائي۔ آپ نے ایرانی قوم کی جانب سے کی جانے والی اسلام کی خدمت کو بہت گراں قدر اور بے مثال قرار دیا۔ آپ کے بقول دنیا کے مختلف علاقوں میں مسلمان حاکم اقتدار میں تو آئے لیکن انہوں نے اسلام کی حکومت قائم کرنے کی کبھی فکر نہیں کی۔ آپ نے اپنے اس خطاب میں فرمایا کہ سامراجی طاقتیں خواہ ظاہر نہ کریں لیکن حقیقت میں اسلام اور اسلامی بیداری سے ہراساں ہیں۔ قائد انقلاب اسلامی کے بقول جہاں قوم کی توجہ سپاہ پاسداران انقلاب کی جانب مرکوز ہی وہیں دوسری جانب عالمی سامراجی طاقتیں بھی اس فورس پر نظریں گاڑے ہوئے اپنی سازشوں میں مصروف ہیں لہذا اس فورس کو بہت زیادہ محتاط اور ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔