قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے 29 تیر سنہ 1373 ہجری شمسی مطابق 20 جولائی سنہ 1994 عیسوی کو محکمہ پولیس، سوشل سیکورٹی اور معذور افراد کی نگہداشت کرنے والے اداروں کے کارکنوں سے ملاقات میں ان افراد کی خدمات کو سراہا۔ آپ نے فرمایا کہ ان دونوں محکموں اور ان تمام اداروں کا کام جو محتاج اور کمزور طبقات سے تعلق رکھتے ہیں بڑا نیک اور مستحسن کام اور ا یک طرح کا فریضہ ہے۔ یہ ملک کے سماجی نظم کے لئے بہت ضروری ہے۔ البتہ معاشرے میں غربت کے علاج کے لئے بڑے منصوبوں کی ضرورت ہے۔ مگر کبھی طویل المیعاد منصوبوں کے ساتھ جن کا نتیجہ جلدی سامنے نہیں آتا، اور ان میں کبھی مشکلات اور رکاوٹیں بھی آتی ہیں، ایسی تنظیموں اور اداروں کا ہونا ضروری ہے جن کا فریضہ کمزور اور ضرورتمند طبقات کی مدد کرنا ہو۔ جیسے یہ دونوں ادارے ہیں کہ جن کی طرف اشارہ کیا گیا۔ یا امام خمینی امدادی کمیٹی اور ایسے ہی دگر ادارے ہیں۔