اسلامک اسٹوڈنٹس یونین کے ارکان نے انیس اردیبہشت سنہ تیرہ سو چھیاسی ہجری شمسی مطابق نو مئی سنہ دو ہزار سات عیسوی کو قائد انقلاب اسلامی سے ملاقات کی۔ قائد انقلاب اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے اسلامک اسٹوڈنٹس یونین کی اہمیت اور اس کے فرائض پر روشنی ڈالی۔ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ آپ تمام لوگ ایک ایسے نجات دہندہ گروہ کی حیثیت رکھتے ہیں جس کی سعی و کوشش یہ ہے کہ کوئی غرق نہ ہو لہذا کسی کو خطا کا مرتکب نہ ہونے دیجئے، کسی کو پیچھے نہ ہونے دیجئے، کج رفتاری و ہلاکت ہی بری چیز نہیں ہے بلکہ آگے نہ بڑھنا اور قافلے سے پیچھے رہ جانا بھی بہت بری شئے ہے۔ اسلامی انجمن (اسلامک اسٹوڈنٹس یونین) کا نصب العین کچھ ایسا ہی ہونا چاہئے اور کچھ اسی طرح کا جذبہ ہونا چاہئے۔